LIVE

کراچی: دہشتگرد حملے کے بعد غیرملکیوں کے تحفظ کیلئے غیرمعمولی اقدامات کا فیصلہ

راحیل سلمان
April 20, 2024
 

فوٹو: فائل

 کراچی  میں غیر ملکیوں پر حملے کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے محکمے میں باقاعدہ ایک الگ شعبہ قائم کرکے سندھ حکومت کی مقررہ ایس او پیز  پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے فول پروف سکیورٹی پلان  تیار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

 آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اسپیشل برانچ میں چائنیز کی سکیورٹی کے حوالے سے علیحدہ شعبہ بنانے اور اس شعبے میں غیر ملکیوں کی سکیورٹی سے متعلق تمام ماڈرن ٹیکنالوجیز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ پولیس دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، پولیس کی بہترین اور بروقت حکمت عملی کی بدولت لانڈھی میں دہشتگرد حملہ ناکام بنایا گیا اور تمام غیر ملکی محفوظ رہے۔

اس موقع پربات کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ تمام افسران غیر ملکیوں کے تحفظ کیلئے موجودہ اقدامات کا دوبارہ جائزہ لیں اور اگر کہیں کوئی خامی موجود ہے تو اُسے فوری طور پر دور کیا جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس، ڈی آئی جیز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔