Time 20 اپریل ، 2024
پاکستان

کراچی: دہشتگرد حملہ ناکام بنانے والی پولیس ٹیم کیلئے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان

پولیس کے جوانوں کے بروقت ایکشن اور منظم کارروائی سے دہشتگرد ناکام رہے، بروقت اقدام سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے: وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار:فوٹو: سندھ پولیس
پولیس کے جوانوں کے بروقت ایکشن اور منظم کارروائی سے دہشتگرد ناکام رہے، بروقت اقدام سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے: وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار:فوٹو: سندھ پولیس

وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے لانڈھی میں دہشتگرد حملہ ناکام بنانے والی پولیس ٹیم کیلئے نقد انعام اورتعریفی اسناد کا اعلان کردیا ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس کے جوانوں کے بروقت ایکشن اور منظم کارروائی سے دہشتگرد ناکام رہے۔

وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ بروقت اقدام سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے۔

آئی جی سندھ نے دہشتگرد حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی اور انہیں کیش انعامات اور سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر ہونے والے خودکش دھماکے میں دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے، دہشتگردی کے اس واقعے میں تمام غیر ملکی محفوظ رہے جبکہ ایک سکیورٹی گارڈ شہید ہوا۔

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تین گاڑیوں میں غیر ملکی جا رہے تھے، خود کش حملہ آور جائے وقوعہ کے قریب موجود تھے، سکیورٹی گارڈ نے حملہ آوروں پر فائرنگ کرکے حملہ ناکام بنایا۔

راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ اسپیڈ بریکر پر گاڑی آہستہ ہوئی تو حملہ کیا گیا، گاڑیوں میں موجود تمام غیر ملکی محفوظ رہے۔

انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشتگرد موٹرسائیکل پر گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے پہنچے، جائے وقوعہ کے قریب دہشتگرد موٹر سائیکل سے اتر گئے، دہشتگرد گاڑی کے قریب پیدل پہنچے اور فائرنگ کی۔

مزید خبریں :