LIVE

رضوانہ تشددکیس: ملزمہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر عدالت کا اظہار برہمی

ارفع فیروز
April 20, 2024
 

فوٹو: فائل

کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ تشدد کیس میں نامزد سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ سومیہ عاصم کی جانب سے  حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں رضوانہ تشددکیس کی سماعت  سول جج عمر شبیر نےکی۔

ملزمہ سومیہ عاصم کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جو عدالت  نے منظور کرلی۔

جج عمر شبیرکا کہنا تھا کہ  پراسیکیوشن نے سیکشن 224 کا چارج شامل کرنے سے متعلق درخواست دائر کی ہے، پہلے  پراسیکیوشن کی درخواست پر  دلائل دے دیں۔

وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے سومیہ عاصم کو ایک ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، تاریخ لمبی دیں۔

عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئےکہا کہ سومیہ عاصم ایک تاریخ  پر آتی ہیں اور  دوبار ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست آجاتی ہے۔

عدالت نے فرد جرم  میں نیا چارج  شامل کرنے سے متعلق  پراسکیوشن کی درخواست پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئےکیس کی سماعت 27  اپریل تک ملتوی کردی۔