LIVE

پی آئی اے کی بشکیک سے وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانی طلبا کیلئے اہم ہدایت

ویب ڈیسک
May 23, 2024
 

فوٹو: فائل

قومی ائیر لائن پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کا کہنا ہے کہ بشکیک سے پاکستانی طلبا کی وطن واپسی کیلئے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں وزرات خارجہ کے مرتب کردہ شیڈول کے مطابق آپریٹ کی جارہی ہیں، طلبا مسائل سے بچنے کیلئے  ائیرپورٹ آنے سے پہلے سفارت خانے سے رابطہ کریں۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ بشکیک میں پی آئی اے کی ہر پرواز سے قبل سینکڑوں طلبا ائیرپورٹ کے چیک ان کاؤنٹرز پر جمع ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے مسائل ہوتے ہیں۔ پاکستانی طالب علموں کی وطن واپسی پی آئی اے کی اولین ترجیح ہے مگر مروجہ طریقہ کار کو اپنانا اور  نظم و ضبط برقرار رکھنا بھی انتہائی اہم ہے۔

قومی ائیرلائن کے ترجمان نے تمام طالب علموں کو ہدایت کی کہ وہ پروازوں سے متعلق پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ رکھیں اور اپنی پرواز کا شیڈول حاصل کرکے ہی ائیرپورٹ آئیں، بغیر شیڈول کے طلبا کو پرواز میں سوار نہیں کیا جاسکتا۔

ترجمان پی آئی نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے مہیا کی گئی لسٹ کے مطابق ہی طلبا کو پروازوں پر بورڈنگ جاری کئے جاتے ہیں، پاکستانی طلبا سفارت خانے میں اپنے نام کا اندراج کرائے بغیر ائیرپورٹ نہ آئیں۔