LIVE

انسٹا گرام نے نوٹس فیچر کو مزید بہتر بنا دیا

ویب ڈیسک
June 03, 2024
 

یہ فیچر کافی حد تک فیس بک مینشنز سے ملتا جلتا ہے / فوٹو بشکریہ میٹا

انسٹا گرام نے دسمبر 2022 میں نوٹس کے نام سے ایک فیچر متعارف کرایا تھا جس کا مقصد صارفین کو اپنے خیالات تحریری شکل میں دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرنا تھا۔

اب میٹا کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ نے نوٹس کو مزید فیچرز سے بہتر بنایا ہے۔

اس مقصد کے لیے کمپنی کی جانب سے نوٹ پروموٹ کا اضافہ نوٹس میں کیا گیا ہے۔

اس فیچر سے صارفین مختلف سوالات جیسے مجھے کیا کھانا چاہیے وغیرہ دوستوں سے شیئر کر سکتے ہیں۔

ان سوالات پر دوستوں کی جانب سے مختلف ٹپس، مشوروں یا دیگر خیالات کے ذریعے ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔

یہ فیچر کافی حد تک فیس بک مینشنز سے ملتا جلتا ہے جس میں صارف کسی دوست کو نوٹس میں ٹیگ کر سکتا ہے۔

انسٹا گرام کی جانب سے نوٹ لائیکس کو بھی نوٹس کا حصہ بنایا جا رہا ہے جو کہ لائیکس فیچر کی طرح کام کرتا ہے، یعنی کسی نوٹ پر ڈبل کلک کریں یا ہارٹ پر کلک کریں۔

خیال رہے کہ نوٹس فیچر میں ایک صارف 60 حروف پر مبنی پیغام تحریر کرکے اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کرسکتا ہے۔

نوٹ پوسٹ کرنے پر وہ ڈائریکٹ میسج ٹیب میں صارف کی پروفائل فوٹو کے قریب نظر آتا ہے۔

صارف کے تحریر کردہ نوٹس فالوورز کے لیے 24 گھنٹے تک دستیاب ہوتے ہیں اور وہ ان پر ریپلائی بھی کر سکتے ہیں۔

صارفین اپنے نوٹس کو مخصوص افراد تک بھی محدود رکھ سکتے ہیں۔