LIVE

’محمد زبیر نواز باجوہ ملاقات کی تفصیلات سامنے لائیں، انہیں قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘

ویب ڈیسک
June 24, 2024
 

نواز شریف جس قد کاٹھ کے لیڈر ہیں ان کی کوئی بھی ملاقات اور مصروفیت چھپی نہیں رہ سکتی: ملک محمد احمد خان__فوٹو: فائل

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ محمد زبیر کی نواز شریف کی جنرل قمر جاوید باجوہ سے لندن ملاقات کی بات جھوٹی ہے، نواز شریف جنرل باجوہ سے ملاقات کی بات کو مسترد کرتا ہوں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا محمد زبیر صاحب ایسی بات کرگئے ہیں جس سے ان کو کافی الجھن آسکتی ہے، محمد زبیر نواز شریف جرل باجوہ ملاقات کی تفصیلات تو سامنے لائیں، وہ بتائیں کب ملاقات ہوئی، کب باجوہ یہاں سے گئے، نوازشریف جس قد کاٹھ کے لیڈر ہیں ان کی کوئی بھی ملاقات اور مصروفیت چھپی نہیں رہ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کی نواز شریف سے ملاقات تو کیا، بات چیت بھی نہیں ہوئی، محمد زبیر نے بے بنیاد بات کی ہے، اس کے قانونی نتائج ہو سکتے ہیں، پی ٹی آئی والوں نے کہا کہ محمد زبیر کی بات پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جب بھی ملک کو خطرات ہوئے پوری قوم یکجا ہوئی ہے، نیشنل ایکشن پلان منظورکیا گیا اور اس کےخاطر خواہ نتائج نکلے، دہشتگردی سے نارمل پروسیجر سے ہٹ کر نبرد آزما ہونا پڑتا ہے۔

ملک احمد کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کے پاس کہنے کو کچھ نہیں تھا، مجھے یقین ہے کہ مولانا اور علی محمد خان دلیل سے بات کر سکتے ہیں، یہ اس قوم کی سلامتی اور بقا کا معاملہ ہے، چند شرپسند گروہ اس طرح کی صورتحال قائم کرنا چاہتے ہیں، سیاسی جماعتوں کو اس پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، میں دھرنوں کا مخالف رہا ہوں، دھرنوں نے عدم استحکام کے علاوہ ہمیں کیا دیا۔