LIVE

دہشتگردی سب کا مسئلہ ہے، جنگ کے مقاصد میں کنفیوژن کا فائدہ دشمن کو ہوگا: بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک
June 28, 2024
 

عطا تارڑ نے آپریشن عزم استحکام سے متعلق ہمارے مؤقف کی تائید کی، وفاقی وزیر کے بیان کے بعد معاملہ اب ختم ہونا چاہیے: مشیر اطلاعات کے پی۔ فوٹو فائل

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے آپریشن عزم استحکام سے متعلق بیان کے بعد اب معاملے کو ختم ہو جانا چاہیے۔

ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کر کے واضح کیا کہ اجلاس میں آپریشن عزم استحکام پر صرف بات ہوئی، اجلاس میں آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، عطاتارڑ نے کہا کہ اجلاس میں فوجی آپریشن کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا عطا تارڑ کی پریس کانفرنس سے ہماری باتوں کی تائید ہوئی، امید ہے عطاتارڑ کے بیان کے بعد یہ معاملہ ختم ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے ایپکس کمیٹی سے متعلق تفصیلات اراکین اسمبلی کے ساتھ شیئر کیے، آپریشن سے متعلق سیاسی جماعتوں نے تنقید کی، خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پر الزام لگایا، ہم نے ان سب باتوں کی تردید کی۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا دہشتگردی سب کا مسئلہ ہے، اس جنگ میں پوری ریاست شریک ہے، فوج بھی شہادتیں دے رہی ہے، پاک فوج دہشتگردوں کو علاقوں کو کنٹرول کرنے کا موقع نہیں دے رہی لیکن جنگ کے مقاصد میں کنفیوژن کا فائدہ دشمن کو ہوگا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے چند روز قبل آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی تھی جبکہ پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) نے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کسی بھی فوجی آپریشن کی مخالفت کی۔