LIVE

سربیا: اسرائیلی سفارتخانے کے باہر پولیس اہلکار تیرحملے میں زخمی، حملہ آور مارا گیا

ویب ڈیسک
June 29, 2024
 

سربین حکام نے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا— فوٹو: اے ایف پی

سربیا میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر تعینات پولیس اہلکار کو مسلح شخص نے تیر سے حملہ کر زخمی کردیا جبکہ جوابی فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا۔

سربیا حکام کے مطابق دارالحکومت بلغراد میں مسلح شخص نے اسرائیلی سفارت خانے کے باہر تعینات پولیس اہلکار پر تیر کمان سے حملہ کیا۔

تیر اہلکار کی گردن پر لگاجس سے وہ زخمی ہوگیا تاہم زخمی اہلکار نے جوابی فائرنگ کی جس میں حملہ آور ہلاک ہو گیا۔

سربین وزیر داخلہ نے بتایاکہ ہلاک شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ زخمی اہلکار کی حالت تشویشناک ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔

سربین حکام نے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا۔

حکام نے بتایاکہ ہفتہ وار تعطیل کے باعث سفارت خانے میں سفارتی عملہ موجود نہیں تھا تاہم حملے کے بعد اسرائیلی وزارت خارجہ نے سربیا میں سفارت خانے کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا۔

دوسری جانب سربین حکام نے حملہ آور سے تعلق کے شبہے میں چند افراد کو حراست میں لے لیا۔