LIVE

پاکستان میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی پہلی نیلامی، 1 نمبر پلیٹ 10 کروڑ میں فروخت

رانا جاوید
June 30, 2024
 

پاکستان میں پہلی بار گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا انعقاد کیا گیا جس میں سب سے مہنگی نمبر پلیٹ 10 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی۔

محکمہ ایکسائز سندھ نے نمبر  پلیٹس کی نیلامی کا انعقاد کیا جس میں 40 نمبرپلیٹس کی نیلامی سے67 کروڑ 54 لاکھ روپےجمع ہوئے۔ 

محکمہ ایکسائز سندھ کے مطابق پریمیئم نمبر پلیٹ 1 دس کروڑ روپے، نمبر 5 پانچ کروڑ  30 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی جبکہ نمبر7  والی نمبر پلیٹ 4 کروڑ 60 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔

پلیٹ نمبر 8 چارکروڑ 10لاکھ روپے میں نیلام ہوئی جبکہ  پلیٹ نمبر 9 چارکروڑ روپے میں خریدی گئی۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ نیلامی سے حاصل رقم سیلاب زدگان کے مکانات بنانے میں وقف کی جائےگی، حکومت سندھ سیلاب متاثریں کی امداد اور ان کی زندگیوں کی تعمیر نو کے لیے مسلسل کوشاں ہے، فنڈز سے سیلاب زدگان کے لیے مجموعی طور پر 2251 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ  بہت جلد پریمیئم نمبر  پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی شروع کیا جائے گا،  آئندہ نیلامی سے تعمیر نو کی جاری کوششوں میں مزید مدد کے لیے اضافی وسائل پیدا ہونے کی امید ہے۔