LIVE

اسرائیلی بمباری سے مزید 30 سے زائد فلسطینی شہید، ہزاروں بے گھر فلسطینی جبری بے دخل

ویب ڈیسک
July 03, 2024
 

فوٹو: الجزیرہ

غزہ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے ایک بے گھر فلسطینی خاندان کے 9 افراد سمیت مزید 30 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے مشرقی غزہ کے علاقے منصورہ پر ڈرون حملہ کیا گیا جبکہ شجاعیہ کے نزدیک ایک رہائشی بلاک کو بھی مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کو یورپی اسپتال اور خیمہ بستیاں خالی کرنے کی دھمکی کے بعد خان یونس سے ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا آغاز ہوگیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں اب تک بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 19 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب شمالی غزہ پر اسرائیلی حملون کے ردعمل میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے اسرائیلی فوج پر جوابی وار جاری ہیں، مزاحمت کاروں کے حملوں میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور ٹینک تباہ کردیے گئے۔

ادھر جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا

اسرائیلی حملون کے جواب میں حزب اللہ کی جانب سے راکٹ اور ڈرون حملے میں کریات شمونہ میں اسرائیلی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔

غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار 925 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 87 ہزار 141 فلسیطینی زخمی ہو چکے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔