LIVE

جولائی سے بجلی کے نئے نرخ لاگو ہونگے، حکومت 440 ارب کی سبسڈی دے گی: پاور ڈویژن

سیف الرحمان
July 04, 2024
 

بجلی کے نئے ٹیرف زیادہ تر لوگوں کے ماہانہ بل پر تھوڑا سا اثر ڈالیں گے: اعلامیہ—فوٹو: فائل

اسلام آباد: ملک بھر میں جولائی2024 سے بجلی کے نئے نرخ لاگو ہوں گے۔

پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق بجلی کے نئے ٹیرف زیادہ تر لوگوں کے ماہانہ بل پر تھوڑا سا اثر ڈالیں گے، بجلی کے بلز میں کم سے کم اضافے کے لیے حکومت 440 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایک کروڑ 68 لاکھ یا 58 فیصد غریب گھریلو صارفین کے لیے اضافہ 2 فیصد سے کم ہوگا جب کہ نسبتاً امیر 42 فیصد صارفین کے لیے اوسطاً 9 فیصد اضافہ ہوگا۔

پاور ڈویژن کے مطابق معیشت بہتر ہونے پر بجلی کے نرخوں میں کمی کی توقع ہے، جنوری 2025 تک تمام صارفین کے لیے بجلی جون 2024 کے مقابلے اوسطاً 3 فیصد سستی ہونے کی توقع ہے۔

اعلامیے کے مطابق بجلی شعبے کے مقررہ 75 فیصد لاگت کے پیش نظر فکسڈ چارجز کا اجرا ضروری تھا، ملکی صنعت کے فروغ کیلئے صنعتی شعبے سے 150 ارب کا بوجھ کم کردیا گیا ہے۔

پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق نیپرا کی سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔