LIVE

بھارتی ٹیم کا وطن واپسی پر فقیدالمثال استقبال، پورا ممبئی اُمڈ آیا

ویب ڈیسک
July 04, 2024
 

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کا وطن واپسی پر تاریخی استقبال ہوا، کھلاڑیوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور پھر ممبئی میں وکٹری پریڈ کرتے ہوئے وانکھڈے اسٹیڈیم پہنچے جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے ویلکم کیا۔ 

ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بالآخر بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے وطن پہنچ گئی، چار روز بارباڈوس میں پھنسے رہنے کے بعد آج علی الصبح نئی دہلی پہنچی۔

پہلے ائیر پورٹ پر بورڈ حکام نے استقبال کیا ،کیک بھی کاٹا،  فینز کی بہت بڑی تعداد نے اپنے ہیروز استقبال کےلیے پہنچی۔

اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے،بھارتی کپتان روہت شرما نے بھی بھنگڑا ڈالا۔ جس کے بعد ٹیم کچھ دیر ہوٹل میں رکنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ پہنچی۔

 وزیر اعظم نے کپتان کوچ اور پوری ٹیم کو ٹائٹل جیتنے پر مبارک باد دی  اور فوٹو سیشن بھی ہوا۔

فوٹو: اے ایف پی

بعد ازاں بھارتی ٹیم ممبئی پہنچی اور پھر میرین ڈرائیو پر بس کے ذریعے وکٹری پریڈ کرتے ہوئے وانکھڈے اسٹیڈیم کی طرف روانہ ہوئی۔

ممبئی میں وکٹری پریڈ میں ایسا منظر لگا کہ جیسے پورا شہر امڈ آیا، شائقین نے اپنی ٹیم کا تاریخی استقبال کیا اور کھلاڑیوں کی جھلک دیکھنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

اس موقع پر کپتان روہت شرما اور اسٹار بیٹر ویرات کوہلی سمیت کھلاڑی اوپن بس میں موجود تھے اور انہوں نے شائقین کے سامنے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائی۔

فوٹو: اے ایف پی

بھارتی ٹیم وکٹری پریڈ کے بعد وانکھڈے اسٹیڈیم پہنچی جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے اپنی ٹیم کا استقبال کیا اور جیت کا جشن منایا۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ورلڈکپ ٹرافی پوری قوم کی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتا تھا۔