LIVE

کل جماعتی کانفرنس تو دور کی بات ،حکومت کیساتھ بیٹھ کر تو چائے بھی نہ پی جائے: شیخ وقاص

ویب ڈیسک
July 05, 2024
 

فوٹو: شیخ وقاص فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص نے وزیر اعظم کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس بلانے کے فیصلے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس تو دور کی بات ، حکومت کیساتھ بیٹھ کر تو چائے بھی نہ پی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت والے اپوزیشن لیڈر سے ہاتھ ملاتے ہیں اور دوسری طرف ہمارے کارکنوں پر تشدد کرتے ہیں، یہ رنگ بازیاں اب نہیں چلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس تو دور کی بات ہے، حکومت کے ساتھ بیٹھ کر تو چائے بھی نہ پی جائے۔

دوسری جانب رہنما ن لیگ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ معاملہ ملکی امن کا ہے اس میں کوئی پارٹی پاکستان کے مفاد سے اوپر نہیں ہے۔

واضح رہے کہ  گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے وطن واپسی پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں کو آپریشن عزم استحکام پر اعتماد میں لیں گے۔

ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم بیرون ملک دورے سے واپسی پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے اور مشاورت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔