LIVE

یوکرین کی یوم آزادی کے دن روسی راکٹ حملے میں 22 افراد ہلاک ہوئے: زیلنسکی

ویب ڈیسک
August 25, 2022
 

سوویت یونین سے آزادی حاصل کرنے کے دن کے موقعے پر روس کی جانب سے ایک ریلوے اسٹیشن پر کیے گئے راکٹ حملے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں: زیلنسکی

یوکرینی صدر  زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین کی سوویت یونین سے علیحدگی حاصل کرنے کے دن کے موقعے پر روس کی جانب سے ایک ریلوے اسٹیشن پر کیے گئے راکٹ حملے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے اجلاس سے اپنے ویڈیو خطاب میں یوکرینی صدر نے کہا کہ مشرقی یوکرینی ریجن دونیتسک سے 145 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود چھوٹے سے ٹاؤن چیپلین کے ریلوے اسٹیشن پر روس کی جانب سے راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم چیپلین کے غم میں مبتلا ہیں جہاں ریلوے اسٹیشن پر روسی راکٹ حملے کے نتیجے میں اب تک 22 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ یوکرینی صدر کی جانب سے ملک بھر میں یوم آزادی کے موقعے پر روسی حملوں کے پیش نظر یوم آزادی تقریبات منسوخ کر دی گئی تھیں، اور عوام کو اجتماعات سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

 یوکرین کے یوم آزادی پر دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں میں کرفیو نافذ  کیا گیا تھا  اور  عوامی اجتماعات پر پابندی لگائی گئی تھی۔