LIVE

پشاور: ایم پی اے فضل الہٰی نے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کردی، ویڈیو وائرل

شیبا حیدر
June 18, 2024
 

پشاور: رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی نے رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر 10 فیڈرز کی بجلی بحال کردی۔

واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں فضل الہٰی کو ساتھیوں کےساتھ گرڈ اسٹیشن میں چارپائیوں پر لیٹے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایم پی اے فضل الہٰی کا جیو نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میں گرڈ اسٹیشن پرہی رہوں گا اور بجلی بند نہیں کرنےدوں گا۔ 

انہوں نے کہا کہ  پیسکو اور ضلعی انتظامیہ نےلوڈشیڈنگ کا شیڈول دیا تھا، شیڈول کی خلاف ورزی پرگرڈاسٹیشن آکربجلی خود بحال کرنی پڑی۔

دوسری جانب پیسکو کے ایس ڈی او رشیدگڑھی سب ڈویژن نے اس معاملے پر  رحمان بابا پولیس اسٹیشن کو مراسلہ تحریر کیا ہے۔

مراسلے کے مطابق فضل الہٰی اور جمیل نے 45 افرادکے ہمراہ رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پردھاوا بولا، ایم پی اے نے پولیس کی موجودگی میں زبردستی اخون آباد اور شلوزان فیڈر کی بجلی کھلوائی۔

مراسلے کے مطابق زبردستی فیڈر چلانے سے پیسکو کو 26 لاکھ 40 ہزار روپےکا نقصان ہوا۔

مراسلے میں ایم پی اے فضل الہٰی اور ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔