LIVE

لاڑکانہ کے باڈہ تھانے میں ایس ایچ او کے بیٹے نے اپنی عدالت لگا لی، طلبا پر تشدد کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
June 26, 2024
 

فوٹو: اسکرین گریب

لاڑکانہ کے باڈہ تھانے میں ایس ایچ او کے بیٹے نے اپنی عدالت لگا کر اپنے والد کے تھانے میں کالج کے دو طالب علموں کو لاک اپ میں بند کرکے شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

لاک اپ میں طلبا پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ڈی آئی جی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او باڈہ رحمت اللہ سولنگی اور چار اہلکاروں کو معطل کرکے ایس ایس پی کو تحقیقات کا حکم دیدیا۔

پولیس کے مطابق باڈہ تھانے کی حدود میں ایس ایچ او رحمت اللہ سولنگی کا بیٹا نوید عرف راجہ سولنگی گزشتہ رات پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ناکہ لگا کر کھڑا تھا، اس دوران شادی کی تقریب سے واپسی پر یاسر اور مزمل نامی طالبعلموں کو روکا گیا۔

پولیس کے مطابق بعد میں دونوں طلبا کو باڈہ تھانے کے لاک اپ منتقل کرکے ان پر تشدد کیا گیا، طالبعلموں کے والدین کے احتجاج پر ایس ایچ او نے تھانے پہنچ کر دونوں طالبعلموں کو رہا کیا۔