LIVE

وزیراعظم نے تھرکول کو ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے انتہائی اہم قرار دیدیا

ویب ڈیسک
June 26, 2024
 

پاکستان میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے تھرکول کو پاکستان کی توانائی کی ضروریات کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کو ملک کے دیگر علاقوں تک پھیلانے کے لیے ریلوے لائن کے حوالے سے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

سرمایہ کاری بورڈ کے امور پر اجلاس میں چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان جوائنٹ وینچر منصوبے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تھرکول کی گیسی فکیشن کے بارے میں حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ پاکستان میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھرکول پاکستان کی توانائی کی ضروریات کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، تھرکول کی ملک کے دوسرے علاقوں تک رسائی کیلئے ریلوے لائن کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ الیکٹرک بائیکس،گاڑیوں اور بجلی پر چلنے والی گھریلو مصنوعات کے لئے پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے تجاویز پر کام کیا جائے گا، مقامی سطح پر تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے کیلئےحکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔