LIVE

نیو کراچی میں 3 سال کی بچی پُراسرار طور پر انتقال کرگئی، والد کا بیوی پر قتل کا الزام

سید دانیال حسین
June 27, 2024
 

آمنہ کے چہرے اور گردن پر زخم کے نشانات ہیں، موت کی وجہ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی: پولیس/ فائل فوٹو

شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں 3 سال کی بچی پُراسرار طور پر انتقال کرگئی۔

کنول نامی خاتون اپنی 3 سال کی بیٹی آمنہ کے ساتھ نیو کراچی یوپی موڑ پر واقع سندھ گورنمنٹ اسپتال آئی جہاں ڈاکٹرز نے بچی کی موت کی تصدیق کردی۔

اس کے بعد خاتون بچی کی لاش لے کر ایدھی ہوم سہراب گوٹھ پہنچی، ایک اجنبی سے فون لے کر بچی کے باپ کو کال کی اور بتایا کہ بچی مرگئی ہے تم ایدھی ہوم آجاؤ، اس کے بعد وہ خاتون کوئی بہانہ بناکر لاش اجنبی شخص کے پاس چھوڑ کر  فرار ہوجاتی ہے۔

مقتولہ آمنہ کے والد شہباز نے الزام عائد کیا ہےکہ بچی کی والدہ نے اسے تشدد کرکے قتل کیا ہے،4 سال پہلے کنول نامی خاتون سے شادی ہوئی جب کہ کنول 2 ماہ پہلے بچی کو لے کر میکے گئی اور خلع کا نوٹس بھیج دیا، علیحدگی کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آمنہ کے چہرے اور گردن پر زخم کے نشانات ہیں، موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔