LIVE

اس کارٹون کور کی قیمت آپ کو دنگ کر دے گی

ویب ڈیسک
June 27, 2024
 

یہ وہ آرٹ کور ہے / فوٹو بشکریہ Sotheby’s

اوپر موجود کارٹون نما خاکے کو دیکھیں اور اندازہ لگائیں کہ اس کی قیمت کیا ہوسکتی ہے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا کہ اس عام سے خاکے کے لیے ایک فرد نے 19 لاکھ ڈالرز (52 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کیے۔

جی ہاں واقعی جے کے رولنگ کے 1997 کے ناول ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز اسٹون کا یہ آرٹ کور ریکارڈ قیمت پر نیلام ہوا۔

اسے نیلام کرنے والے ادارے Sotheby’s کا خیال تھا کہ یہ خاکہ6 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوگا مگر یہ توقعات سے 3 گنا زیادہ قیمت پر نیلام ہوا۔

نیویارک میں ہونے والی نیلامی میں 10 منٹ تک 4 افراد نے بڑھ چڑھ کر بولی لگائی۔

اس تصویر میں ہیری پوٹر کو دکھایا گیا ہے جس کے پیچھے ہوگورٹس ایکسپریس ٹرین موجود ہے۔

اس کور کو ناول کے پہلے ایڈیشن میں استعمال کیا گیا تھا اور اسے پہلے بھی Sotheby’s کی جانب سے 2001 میں نیلام کیا گیا تھا۔

اس وقت یہ ایک لاکھ 6 ہزار ڈالرز میں نیلام ہوا تھا مگر اب اس نے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔

واٹر کلر سے تیار کردہ یہ خاکہ تھامس ٹیلر نامی مصور و مصنف نے تیار کیا تھا۔

جب انہوں نے یہ کور تیار کیا تھا تو اس وقت ان کی عمر 23 سال تھی اور انہوں نے 2 دن میں اسے تیار کرلیا تھا۔

جب یہ ناول شائع ہوا تھا تو تھامس ٹیلر ایک بک شاپ پر کام کرتے تھے جہاں ان کے ساتھی صارفین کو بتاتے تھے کہ ناول کا سرورق ان کے ساتھی نے تیار کیا ہے۔