LIVE

مشہور بھارتی اداکارہ میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص

ویب ڈیسک
June 28, 2024
 

اداکارہ حنا خان نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی/فوٹوفائل

بھارتی ڈرامہ سیریل’  یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ سے مقبولیت پانے والی اداکارہ حنا خان نے اسٹیج تھری کے کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

اداکارہ حنا خان نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ’ افواہوں کے پیش نظر تمام لوگ جو مجھ سے محبت کرتے ہیں اور میرا خیال کرتے ہیں انھیں یہ بتانا چاہتی ہوں کہ مجھے اسٹیج تھری کے چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی ہے‘۔

حنا خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اس تکلیف دہ بیماری کے باوجود میں یقین دلانا چاہتی ہوں کہ میں بہتر ہوں، مضبوط ہوں اور بیماری سے نمٹنے کیلئے پرعزم بھی ہوں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ’میرا علاج شروع ہو چکا ہے، میں اس بیماری کو شکست دینے کیلئے تیار ہوں، مجھے یقین ہے میں اپنے پیاروں، فیملی اور دوستوں کے ساتھ، اللہ تعالیٰ کے کرم  سے کینسر کو شکست دے کر مکمل صحتیاب ہو جاؤں گی۔

حنا خان نے اپنی پوسٹ میں فینز سے ان کی رازداری کا احترام کرنے کی درخواست بھی کی، ساتھ ہی اپنے دوستوں اور مداحوں سے جلد صحتیابی کے لیے دُعاؤں کی اپیل بھی کی۔