LIVE

پی ٹی آئی کی انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی درخواست 13رکنی بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی استدعا

عبدالقیوم صدیقی
June 29, 2024
 

پی ٹی آئی ارکان فیصلے کے بعد بلے کے نشان پر انتخابات لڑنے سے محروم ہوگئے تھے، درخواست: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے  انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق نظر ثانی درخواست کو سپریم کورٹ کے 13 رکنی فل کورٹ بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی درخواست کر دی۔

تحریک انصاف کی جانب سے درخواست بیرسٹر علی ظفر  نے سپریم کورٹ میں دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نظرثانی درخواست کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لارجر  بینچ کے سامنے سناجائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 13 جنوری کے فیصلے سے پی ٹی آئی اور سپورٹرزکو نقصان پہنچ رہا ہے، پی ٹی آئی ارکان فیصلےکے بعد بلےکے نشان پر انتخابات لڑنے سے محروم ہوگئے تھے، کیس ووٹرز کے حقوق سے متعلق ہے جس کا  آئین مکمل تحفظ دیتا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے بلے کے نشان سے متعلق 13 جنوری کو فیصلہ سنایا تھا جس میں پی ٹی آئی انٹرا الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے  پارٹی کو  بلے کا نشان نا دینے کا فیصلہ دیا گیا تھا۔ 

تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے۔