LIVE

عارف علوی نے سندھ حکومت کا اسپیشل نمبر پلیٹس کی نیلامی کا عمل ریاستی لالچ قرار دے دیا

ویب ڈیسک
June 30, 2024
 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق صدر عارف علوی نے سندھ حکومت کی جانب سے اسپیشل نمبر پلیٹس کی نیلامی کو ریاستی لالچ  اور  بے شرمی کا عمل قرار دے دیا۔

اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں عارف علوی کا کہناتھاکہ سندھ میں موٹر کار کی ایک نمبر پلیٹ دس کروڑ میں نیلام ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میں اور کیا کہہ سکتا ہوں؟ اس ملک کے حکمران میرے وطن کو تیزی سے ایک گھٹیا اور زوال پزیر معاشرے کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ دولت کی نمائش کی حوصلہ افزائی ایک لالچی ریاست کر رہی ہے جو خود بھی لوٹ مار کرتی ہے، چوری کے راستے کھولتی ہے پھر دولت کی عدم مساوات کے عوامی 'مجروں' کا اہتمام کرتی ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھاکہ عوام میں اور موجودہ حکمرانوں میں ایک بہت بڑی خلیج نظر آرہی ہے اور دولت مندوں میں بے حسی کی عجیب کیفیت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر دنیا میں ایسا ہوتا ہے تو ضروری نہیں ہے ہم بھی وہی کریں،  خاص طور پر جب میرے بھوکے عوام، اشرافیہ کی عیاشیوں کیلئے اپنی خون پسینے کا حلال رزق، حرام کھانے والوں کو کمر توڑ ٹیکس کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔