LIVE

افغان حکومتی وفد کی پاکستانی حکام سے ملاقات، مؤقف کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا

ویب ڈیسک
July 02, 2024
 

پاکستان اور افغان عبوری حکومت کے نمائندوں کے درمیان دوحہ میں غیر معمولی ملاقات ہوئی۔

ذرائع نے بتایاکہ پاک افغان وفود کی ملاقات قطر کے دارلحکومت دوحہ میں پاکستانی سفیر محمد اعجاز کی رہائش گاہ پر ہوئی اور وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ پاکستانی وفد کے سربراہ آصف درانی اور کابل میں پاکستانی ڈپٹی ہیڈ آف مشن عبید الرحمان نظامانی شریک تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی افغان عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان وفد کی قیادت کی، یہ ملاقات سازگار ماحول میں اور مثبت رہی۔

ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں دوحہ تھری کانفرنس، دوطرفہ اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق افغان عبوری حکومت کے وفد نے کانفرنس میں افغان مؤقف کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور افغان عبوری حکومت کے وفد نے پاکستانی حمایت کو عوامی سطح پر سراہا۔

سفارتی ذرائع نے بتایاکہ افغان عبوری وفد دوحہ میں بھارتی وفد سے بھی ملاقات کر چکا ہے۔

دوسری جانب  افغان طالبان اور حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آصف درانی اور دیگر پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی۔

انہوں نے کہا کہ مہمان نوازی کیلئے شکر گزار ہوں، دونوں ممالک کیلئے اچھے اور مثبت تعلقات کی امید کرتا ہوں۔