LIVE

غزہ: اسرائیل کا سیف زون پر حملہ، ایک خاندان کے 9 افراد سمیت 12 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک
July 03, 2024
 

اسرائیلی فوج نے نور شمس پناہ گزین کیمپ پر بھی حملے کیے جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے: عرب میڈیا/ فائل فوٹو

اسرائیلی فوج نے غزہ میں سیف زون قرار دیے گئے علاقے پر حملہ کرکے ایک ہی خاندان کے 9 افراد سمیت 12 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے نور شمس پناہ گزین کیمپ پر بھی حملے کیے  جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کا بتانا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے انخلاء کے احکامات ملنے کے بعد جنوبی خان یونس کو چھوڑنے والے فلسطینیوں کی تعداد ڈھائی لاکھ تک پہنچ گئی ہے جب کہ غزہ میں بےگھر ہونے والے افراد کی کل تعداد تقریباً 19لاکھ ہوگئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ غزہ میں جنگ کے باعث پیدا ہونے والے خراب حالات کے سبب ڈیڑھ لاکھ سے زائد فلسطینی جِلد کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ 

عرب میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری غزہ جنگ میں کم از کم 37 ہزار 925 فلسطینی شہید اور 87 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔