02 جولائی ، 2024
غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 8 ہزار سے زائد طالب علم اور 497 فلسطینی اساتذہ شہید ہوچکے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں کم از کم 8572 اور مقبوضہ مغربی کنارے میں 100 طالب علم شہید ہوچکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 497 اساتذہ اور اسٹاف ممبر بھی شہید ہوئے جب کہ 3000 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں 350 سے زائد سرکاری تعلیمی اداروں اور اقوام متحدہ کے ادارے (UNRWA) کے تحت چلنے والے 65 اسکولوں پر اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے کیے گئے اور انہیں تباہ کردیا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک 6 لاکھ سے زائد طالب علم اسکولوں سے باہر ہیں جب کہ زیادہ تر طالب علم نفسیاتی صدمے کا شکار ہیں۔
دوسری جانب پیر کے روز اسرائیل کی قید سے واپس آنے والے افراد نے اپنے اوپر ہونے والے ہولناک جسمانی اور ذہنی تشدد کی داستانیں سنائیں۔
اسرائیلی قید سے رہا ہونے والوں میں غزہ کے الشفاء اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ بھی شامل ہیں جن کا بتانا ہے کہ اسرائیل کی قید میں موجود فلسطینیوں کو روزانہ کی بنیاد پر بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، قید کے دوران پوچھ گچھ کے لیے لے جائے گئے بیشتر فلسطینیوں کو مار دیا جاتا ہے۔
واضح رہےکہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک کم از کم 37,765 فلسطینی شہید اور 86 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔