LIVE

ماضی میں گینگسٹر رہنے والا سیاستدان کابینہ میں وزیر بن گیا

ویب ڈیسک
July 03, 2024
 

اسپورٹس منسٹر گائٹن مکینزی ماضی میں گینگسٹر رہ چکے ہیں اور ان پر متعدد جرائم میں ملوث رہنے کا الزام ہے/ فائل فوٹو

کیپ ٹاؤن: ماضی میں گینگسٹر رہنے والے جنوبی افریقی سیاستدان گائٹن مکینزی کھیلوں اور ثقافت کے وزیر بن گئے۔ 

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے صدر  سرل رامافوسا نے حکومتی  اتحادی پیٹریاٹک الائنس کے سربراہ گائٹن مکینزی کو کھیلوں اور ثقافت کا وزیر مقرر کیا ہے۔

وزیر بننے کی اطلاع ملتے ہی گائٹن نے فیس بک پر اپنی لائیو ویڈیو کے دوران کہا کہ جناب صدر آپ کا شکریہ، یہاں بہت سے لوگ ہیں جو مجھے اور میری جماعت کو اتحادی حکومت میں نہیں دیکھنا چاہتے۔

رپورٹس کے مطابق اسپورٹس منسٹر گائٹن مکینزی ماضی میں گینگسٹر رہ چکے ہیں اور ان پر متعدد جرائم میں ملوث رہنے کا الزام ہے۔

رپورٹس کے مطابق گائٹن نے 16 سال کی عمر میں بینک لوٹا تھا اور متعدد جرائم کیے جس پر انہیں 7 سال جیل ہوئی، جیل میں رہنے کے بعد جب انہیں رہائی ملی تو  انہوں نے خود کو بدلنے کا عہد کیا اور سیاست میں  قدم رکھا۔ 

گائٹن مکینزی نے 2013 میں اپنی جماعت  پیٹریاٹک الائنس کی بنیاد رکھی اور انہیں تقریباً 10 سال بعد سیاست کے میدان میں کامیابی ملی۔

2024 کے جنوبی افریقی انتخابات میں حکمران جماعت اے این سی  اکثریت سے محروم ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں پیٹریاٹک الائنس اور دیگر اتحادیوں کےساتھ مل کر حکومت بنانا پڑی۔