Time 02 جون ، 2024
دنیا

جنوبی افریقا انتخابات: 30سال میں پہلی بار نیلسن منڈیلا کی پارٹی اکثریت سے محروم

جنوبی افریقا انتخابات: 30سال میں پہلی بار نیلسن منڈیلا کی پارٹی اکثریت سے محروم
فوٹو: رائٹرز

جنوبی افریقا میں 1994 میں نسلی پرستی کے خاتمے کے بعد سے پہلی مرتبہ نیلسن منڈیلا کی جماعت انتخابات میں اکثریت سے محروم ہوگئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی افریقا کی حکمران جماعت اے این سی کو حالیہ انتخابات میں صرف 40 فیصد ووٹ ملے یوں اے این سی 30 سال میں پہلی مرتبہ انتخابات میں اکثریت حاصل نہ کرسکی۔

جنوبی افریقا کی مرکزی اپوزیشن جماعت 'ڈیموکریٹک الائنس' کو تقریباً 21 فیصد ووٹ ملے، سابق صدر جیکب زوما کی'ایم کے پارٹی' نے پہلے الیکشن میں ہی 14 فیصد ووٹ حاصل کرلیے۔ 

اپوزیشن جماعتوں نے انتخابی نتائج کو ایک اہم کامیابی قراردے دیا، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ملک شدید غربت اور عدم مساوات سے نبرد آزما ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اے این سی کو دوبارہ حکومت بنانےکے لیے اتحاد کا سہارا لینا پڑے گا۔

جنوبی افریقا میں 29 مئی کو ہونے والے انتخابات میں 2 کروڑ 77 لاکھ ووٹر رجسٹرڈ تھے تاہم انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 58.61 فیصد ہی رہا جو گزشتہ 30 برسوں میں جنوبی افریقا میں سب سے کم ووٹر ٹرن آؤٹ ہے۔

مزید خبریں :