LIVE

گھوٹکی: ساوند اور سندرانی تنازع جرگے کے بعد حل، دونوں قبیلوں پر 3 کروڑ سے زائد کا جرمانہ

ویب ڈیسک
July 04, 2024
 

ذرائع کے مطابق جرگے میں ساوند اور سندرانی قبیلے پر6 کروڑ 36 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا— اسکرین گریب

گھوٹکی : ساوند اور سنجرانی قبیلوں میں 2 سال سے جاری  تنازع بلآخر حل ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق تنازع کا حل خانگڑہ کے گوہر پیلس میں ایم این اے علی گوہر مہر اور خورشید شاہ کے ذریعےجرگے میں ہوا۔

ذرائع کے مطابق جرگے میں ساوند اور سندرانی قبیلے پر6 کروڑ 36 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ساوند قبیلے کے 13 افراد کے قتل پرسندرانی قبیلے پر 3 کروڑ 21 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ سندرانی قبیلے کے 11 افراد کے قتل پرساوند قبیلے پر  3کروڑ 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جرگے میں پروفیسر اجمل ساوند اور ایڈووکیٹ نور الہٰی سندرانی کے قتل پر ایک ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں  آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے پروفیسر اجمل ساوند کو اسی قبائلی دشمنی میں قتل کردیا گیا تھا۔

پروفیسر اجمل ساوند اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مہارت رکھتے تھے، انہوں نے فرانس سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔