پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2017

عائشہ گلالئی بھی ٹوئٹر ٹرینڈ ’می ٹو‘ میں پیش پیش

تصویر بشکریہ گارجین۔

پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنما اور رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے بھی انٹرنیٹ پر جنسی ہراسال کیے جانے کے خلاف ہیش ٹیگ ’می ٹو‘ جوائن کرلیا ہے۔

ٹوئٹر میں اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک پاکستانی سیاستدان ہیں، انہیں ان کی پارٹی کے سربراہ عمران خان نے جنسی ہراساں کیا اور اب وہ تحقیقات سے بھاگ رہے ہیں۔

ہیش ٹیگ’می ٹو‘ پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے جنسی طور پر ہراساں کئے جانے والے افراد کے احتجاجی پیغامات سامنے آرہے ہیں۔

عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف چیئرمین پر الزام لگایا ہے کہ عمران خان کے خلاف بولنے پر انہوں نے کارکنوں کو ان پر تیزاب پھنکوانے کے احکامات دیے۔

ہالی وڈ فلم نگری میں جنسی ہراس کے سب سے بڑے اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد ہوا جب امریکی اداکارہ ایلیسا ملانو نے سماجی رابطہ ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا کہ اگر آپ بھی جنسی ہراس کا شکار ہوئے ہیں، تو ٹوئٹ کریں۔

امریکی اداکارہ کی اپیل پر سماجی رابطہ ویب سائٹس پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے خواتین کے احتجاجی پیغامات کی ڈھیر لگ گیا۔

کسی نے غم و غصے کا اظہار کیا، تو کسی نے اپنے تکلیف دہ تجربات کو شئیر کیا۔ مردوں کی جانب سے مذمتی پیغامات بھی شئیر کئے گئے۔

یہ پیش ٹیگ اب تک 10 لاکھ سے زائد مرتبہ استعمال کیا جاچکا ہے جبکہ پاکستان میں ٹوئٹر پر یہ ٹرینڈ دوسرے نمبر پر سب سے مقبول ہے۔

دنیا بھر سے اتنی بڑی تعداد میں احتجاجی پیغامات کو دیکھتے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں میں جنسی تشدد کے بڑی تعداد میں واقعات کے حوالے سےتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مزید خبریں :