04 نومبر ، 2017
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف مائنس ہوچکے ہیں کیوں کہ انہیں سپریم کورٹ نااہل قرار دے چکی ہے۔
خانیوال میں جلسے سے خطاب میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’نواز شریف آج کل اداروں پر حملے کررہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ سازش ہوگئی،آپ کے خلاف سازش نہیں ہوئی، یہ اللہ کی پکڑ ہے‘‘۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’’نواز شریف کہتے ہیں کہ مائنس ون نہیں ہورہا، میں کہتا ہوں نواز شریف آپ مائنس ہوچکے ہیں، آپ کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دے دیا ہے‘‘۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’میں نے شاہد خاقان عباسی سے زیادہ کمزور وزیراعظم نہیں دیکھا، انہوں نے تو شوکت عزیز کا بھی ریکارڈ توڑ دیا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’شاہد خاقان عباسی اس غلط فہمی میں نہ رہنا کہ آپ 94 ارب روپے اپنے ایم این ایز کو دے کر لوگوں کو خرید لیں گے، اگر 94 ارب روپے لوگوں پر خرچ ہوئے تو کوئی پرواہ نہیں لیکن ڈر یہ ہے کہ یہ پیسہ عوام پر لگنے کے بجائے ایم این ایز کی جیبوں میں چلا جائے گا‘‘۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کرپٹ لوگ عوام کا نام لے کرخود ارب پتی بن گئے لیکن اب عوام فیصلہ کرچکی ہے کہ ملک ایسے چلنے نہیں دیں گے، مجھے یقین ہے اب سارا پاکستان جاگ چکا ہے، سارا پاکستان تبدیلی کے لیے تیار ہے۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں حکمرانوں نے اپنی باریاں لیں، میں نے ملک کو نیچے جاتے دیکھا۔
عمران خان نے خانیوال کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب باہر سے لوگ پاکستان پڑھنے آتے تھے، یہاں کےتمام ادارے خطے کے بہترین ادارے تھے۔ایک وقت تھا جب دنیا ہماری ایئرلائن کومانتی تھی، پی آئی اے کا نیویارک روٹ بند ہونے پر افسوس ہوا۔
ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنی جماعت کا منشور بتاتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ اگر ان کی حکومت آئی تو وہ 8 ہزار ارب روپے ٹیکس اکھٹا کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم اداروں میں بہترین لوگ لائیں گے، اس وقت بدقسمتی سے سارے ادارے اربوں روپے کا نقصان کررہے ہیں‘‘۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’ ہمیں اپنی گورننس ٹھیک کرنی ہے، کرپشن پر ہاتھ ڈالنا ہے، کرپشن کی وجہ سے یہاں کوئی پیسہ نہیں لگارہا، ہم پنجاب پولیس کی وردی تبدیل کرکے اسے ٹھیک کرنے کی کوشش نہیں کریں گے بلکہ ہمارے پاس پولیس کو ٹھیک کرنے کے لیے پیسہ ہوگا‘‘۔
بھارت میں نریندر مودی کی حکومت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کا تذکرہ کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کی جماعت اقتدار میں آنے کے بعد قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق اقلیتوں کو برابر کے حقوق دے کر دنیا کے لیے ایک مثال قائم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس سمت میں چلنے کی ضرورت ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔
اس سے قبل عمران خان نے لودھراں میں بھی عوام سے خطاب کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف ان دنوں مسلسل جسلے کررہی ہے جو پی ٹی آئی کی آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔