LIVE

پی ٹی آئی ایم این اے راجا ریاض بھی اپنی حکومت پر پھٹ پڑے

ویب ڈیسک
June 24, 2020
 

فیصل آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض بھی اپنی حکومت پر پھٹ پڑے۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے جیو نیوز کے پروگرام 'کیپٹل ٹاک' میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے جو کرپشن 10 ہزار کی تھی وہ آج 30 ہزار  پر پہنچ گئی ہے، تمام معاملات پر بیوروکریسی کی بالادستی ہو گئی ہے۔

راجا ریاض نے وزیراعظم کے مشیروں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی حلقہ نہیں، جس دن حکومت گئی یہ اٹیچی کیس اٹھا کر چلے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں سیاست دانوں کو جانا ہے، وہ خود ہر روز اپنے ڈیرے پر بیٹھتے ہیں، معلوم ہے لوگ کتنا ناراض ہیں، اگلے الیکشن میں ہم سے بہت برا سلوک ہو گا۔

اس موقع  پر  پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خواجہ شیراز محمود نے انکشاف کیا کہ ضلع کونسل کا ایک رکن بھی غریبوں کے لیے رکھے احساس پروگرام سے 12 ہزار روپے لے اڑا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی کارروائی وزیر پارلیمانی امور کے بجائے غیر منتخب مشیر بابر اعوان چلا رہے ہیں۔