LIVE

کراچی: عیسیٰ نگری سے 5 سالہ بچی کی بوری بند لاش برآمد

ویب ڈیسک
September 06, 2020
 

کراچی کے علاقے پیر بخاری کالونی میں ایک خالی پلاٹ سے 5 سالہ کی بچی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔

کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری کے قریب پیر بخاری کالونی میں خالی پلاٹ میں کچرے سے بچی کی لاش ملی ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ لاش علاقے میں واقع ایک بڑے خالی پلاٹ میں کچرا کنڈی سے ملی تھی، بچی کی لاش کی حالت انتہائی خراب تھی بظاہر لگتا تھا کہ بچی کو جلایا گیا ہے۔

بچی کی شناخت 5 سالہ مروہ کے نام سے ہوئی ہے، مروہ کی گمشدگی کا مقدمہ بچی کے والد عمر صادق کی مدعیت میں پی آئی بی کالونی میں درج ہے۔

بچی کے والد عمر صادق نے بتایا کہ بچی گزشتہ روز صبح گھر سے چیز لینے کے لیے نکلی اور لاپتہ ہو گئی تھی۔

جس جگہ سے بچی کی لاش ملی ہے وہاں سے ایک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جس کا گھر بچی کے گھر کے سامنے ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے شخص سے تفتیش کی جارہی ہے، حراست میں لیا گیا شخص بچی کے قتل میں ملوث ہے یا نہیں اس کی تفتیش کی جارہی ہے، تفتیش کی تفصیلات میڈیا سے جلد شیئر کی جائیں گی۔

پولیس نے بچی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا ہے۔