LIVE

کراچی سمیت کئی شہروں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام بے حال

ویب ڈیسک
May 23, 2024
 

کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت کئی شہروں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام بے حال ہوگئے۔

کراچی میں گرمی کے اضافے کے ساتھ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے جینا محال کر دیا، مختلف علاقوں میں 14سے 15 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے۔

شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان کراچی کے شہری سڑکوں پر نکل آئے، لیاقت آباد ڈاکخانہ پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی تو بجلی گرمی میں نہانے کے لیے پانی تک دستیاب نہیں ہے۔

دوسری جانب لاہور میں لوڈ بڑھنے سے ٹرپنگ میں اضافہ ہوگیا، 3 سے 5 گھنٹے کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

ملتان کے شہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 6 سے 8  گھنٹے اور دیہی فیڈرز پر8  سے 10 گھنٹے تک جا پہنچی ہے۔

اس کے علاوہ کوئٹہ ڈویژن میں 10 سے 12 گھنٹے اور نصیرآباد ڈویژن میں 15 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔