LIVE

واوڈا اور کمال کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے کوئی شکایت نہیں دی: جسٹس اطہر نےخط لکھ دیا

عبدالقیوم صدیقی
June 29, 2024
 

 تاثر دیا گیا کہ فیصل واوڈا اور مصطفیٰ کمال کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز میری شکایت پر کیا گیا: جسٹس اطہر من اللہ کے خط کا متن— فوٹو:فائل

سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما مصطفیٰ کمال کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کے کیس سے متعلق رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے خط میں کہا کہ تاثر دیا گیا کہ فیصل واوڈا اور مصطفیٰ کمال کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز میری شکایت پر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  کہ نہ توہین عدالت کی کارروائی چلانے کیلئے کوئی شکایت دی نہ ہی کوئی رائے، 2017 سے مجھے تضحیک آمیز مہم کا سامنا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ کے خط کے متن کے مطابق میرے خلاف جس قدر تضحیک آمیز اور جھوٹی مہم چلائی جائے کسی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی چلانے کی رائے نہیں رکھتا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال اور سینیٹر فیصل واوڈ کی معافی قبول کر لی تھی۔

سپریم کورٹ نے سینیٹر فیصل واوڈا اور مصطفیٰ کمال کو عدلیہ مخالف بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔