LIVE

واٹس ایپ میں گروپ چیٹس کیلئے ایک نیا فیچر متعارف

ویب ڈیسک
June 30, 2024
 

یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے / فائل فوٹو

واٹس ایپ نے مئی 2024 میں کمیونٹیز کے لیے ایونٹس نامی فیچر متعارف کرایا تھا۔

اب اس فیچر کو ایسے گروپس کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے جو کسی کمیونٹی کا حصہ نہیں۔

میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کے اس نئے فیچر سے صارفین کو کسی گروپ چیٹ کے دوران ایونٹ آرگنائز کرنے میں مدد ملے گی۔

یعنی صارفین کے لیے اکٹھے کسی کام یا تقریب کی منصوبہ بندی کرنا آسان ہو جائے گا اور دیگر ایپس کی ضرورت نہیں رہے گی۔

WABetaInfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر ابھی واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

ہر فرد کسی بھی گروپ چیٹ میں ایونٹ فیچر کو استعمال کرسکے گا اور گروپ میں شامل ہر فرد اس کو دیکھ سکے گا۔

ایونٹس کو ہر گروپ کے انفارمیشن پیج میں بھی رکھا جائے گا، جبکہ ایونٹ کی تاریخ قریب آنے پر گروپ صارفین کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔

ایونٹس تک رسائی کسی گروپ چیٹ میں پیپر کلپ آئیکون پر کلک کرنے سے ہوگی۔

گروپ ایونٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔