LIVE

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے عمر ایوب کا استعفیٰ مسترد کردیا

ویب ڈیسک
July 02, 2024
 

بانی چیئرمین کو بھی کور کمیٹی کی تجویز ماننے کی درخواست کریں گے: بیرسٹر گوہر/ فائل فوٹو

اسلام آباد: پی ٹی آئی کور کمیٹی نے عمر ایوب کا استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے فیصلے پرنظر ثانی کی اپیل کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیرصدارت کور کمیٹی کے اجلاس میں عمر ایوب کا استعفیٰ مسترد کردیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیرسٹر گوہر کور کمیٹی کی سفارش بانی پی ٹی آئی تک پہنچائیں گے جب کہ کور کمیٹی نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انضباطی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین کو بھی کور کمیٹی کی تجویز ماننے کی درخواست کریں گے، پارٹیوں میں کچھ ڈسپلن کے معاملات ضرور ہوتے ہیں۔

دوسری جانب کور کمیٹی نے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی قرارداد بھی منظور کی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کور کمیٹی سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے انتہائی کٹھن اور آزمائشی حالات کے دوران پارٹی کے لیے پیش کی گئی قابل تحسین خدمات کی معترف ہے۔