LIVE

چیمپئنز ٹرافی: پی سی بی کو بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے اچھے اشارے ملنے لگے

روزنامہ جنگ
July 02, 2024
 

ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے، بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے پی سی بی کو اچھے اشارے مل رہے ہیں__فوٹو: ای ایس پی این

 آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آئندہ ہفتے آئی سی سی دیگر ملکوں کے بورڈز سے شیئر کرے گا۔

ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے، بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے پی سی بی کو اچھے اشارے مل رہے ہیں۔

بھارت کی جانب سے اب تک کسی باضابطہ پلیٹ فارم پر پاکستان نہ آنے کی بات نہیں ہوئی، دیگر ممالک کی ٹیمیں پاکستان آکر سیریز کھیل چکی ہیں ۔

دیگر ممالک پاکستان میں شیڈولڈ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے خواہشمند ہیں ، پی سی بی نے چند ہفتے قبل شیڈول منظوری کے لیے آئی سی سی کو بھجوایا تھا۔

میگا ایونٹ کے لیے پاکستان میں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام شروع ہوچکا ہے، آئی سی سی وفود پاکستان آکر انتظامات کا جائزہ لے چکےہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پی سی بی کے شیڈول میں ردوبدل نہیں کیا، آئی سی سی شیڈول کو دیگر سات ممالک کو اب بھجوائے گا ۔

چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقا، بنگلا دیش، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کو شرکت کرنا ہے ۔ 

ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک کراچی،لاہور اور پنڈی میں کھیلا جائے گا ، فائنل کے علاوہ بھارتی ٹیم کے میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں۔