Time 16 اگست ، 2017
پاکستان

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنادیا

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کی تمام تفصیلات طلب کرلیں۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔  

پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کی درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس میں تمام تفصیلات دے چکے اور الیکشن کمیشن بھی سپریم کورٹ میں جاری کیس میں فریق ہے۔

اس موقع پر رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ آپ کو الیکشن کمیشن میں بھی پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات دینی چاہییں۔

تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق سپریم کورٹ میں معاملہ زیرسماعت ہے اس لئے الیکشن کمیشن کارروائی روک دے۔

الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعد سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کی جس کے بعد مختصر فیصلے میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک سماعت روکنے کی تحریک انصاف کی درخواست خارج کردی۔

الیکشن کمیشن کے مختصر فیصلے میں تحریک انصاف کو پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنے کی آخری مہلت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی 7 ستمبر تک اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرے۔

مزید خبریں :