Time 16 اگست ، 2017
کھیل

مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دی ہیں، عمر اکمل


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انہیں گالیاں دیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر نے ان سے کہا کہ کرکٹ اکیڈمی میں کھیلنے کے بجائے کلب کرکٹ کھیلو۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ غیر ضروری وارننگز دے کر انہیں کرکٹ اکیڈمی سے ڈراپ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سینیر کھلاڑیوں نے بھی مکی آرتھر کو گالیاں دینے سے نہیں روکا جبکہ چیف سیلیکٹر انضمام الحق کے سامنے یہ واقعہ پیش آیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوچنگ اسٹاف کے رویے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتانا چاہتا ہوں، چیئرمین پی سی بی سے درخواست کروں گا کہ وہ ہیڈکوچ کی گالیوں کا نوٹس لیں۔

مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات مسترد کردیے

دوسری جانب کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کرکٹر کو کوئی گالی نہیں دی۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ عمر اکمل غلط بیانی کررہے ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے عمر کو کارکردگی میں بہتری لانے کا کہا تھا۔

شوز کاز نوٹس جاری ہوگا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عمر اکمل کو مذکورہ بیان پر شو کاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔

’کوچ ڈانٹے گا نہیں تو کیا گود میں بٹھا کر لوریاں سنائے گا‘

دوسری جانب عظیم کرکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ عمر اکمل نے اپنے پیر پر خود کلہاڑی ماری ہے۔

’اب پی سی بی کیا کرے گا؟ زیادہ سے زیادہ جرمانہ ہی کرسکتا ہے لیکن عمر اکمل نے اپنے پیر پر خود کہاڑی ماری ہے۔‘

وسیم اکرم نے کہا کہ کوچ ڈانٹے گا نہیں تو کیا گود میں بٹھا کر لوریاں سنائے گا۔

سابق کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ عمر اکمل کو ماہر نفسیات سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمر اکمل ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران بھی عمران خان کے پاس گئے اور شکایت کی کہ مجھے تیسرے نمبر پر کھلایا جائے۔

خیال رہے کہ فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہ کرنے کی وجہ سے عمر اکمل کو چیمئنز ٹرافی کی اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب عمر کسی تنازع کی زد میں آئے ہیں۔

2014 میں عمر اکمل کا ایک ٹریفک وارڈن سے جھگڑا ہوگیا تھا جس کے بعد وہ ایک دن تک تھانے میں بند رہے تھے۔

ٹریفک وارڈن نے انہیں سگنل توڑنے پر روکا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔

اس کے علاوہ فیصل آباد میں ایک تھیٹر کے دوران ان کا وہاں کے اہلکاروں سے بھی جھگڑا ہوگیا جبکہ حیدرآباد میں مبینہ طور پر ایک ڈانس پارٹی میں بھی پکڑے گئے۔

مڈل آرڈر بلے باز کو اس وقت کے ہیڈ کوچ وقار یونس کی ہدایات پر عالمی کپ 2015 کے بعد ڈراپ کردیا گیا تھا۔


مزید خبریں :