17 اگست ، 2017
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان کے خلاف 4 ریفرنس قائم کرنے کیلئے 2 مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
خیال رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا جس میں نیب حکام کو 6 ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے تین افراد حسین نواز، حسن نواز اور طارق شفیع کو کل پیش ہونے کی ہدایت جاری کردی ہیں جب کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کے خلاف 4 ریفرنسز کی تیاری کے لیے دو مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
نیب راولپنڈی کی ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر پنڈی رضوان احمد جب کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم لاہور کی سربراہی میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم کر رہے ہیں۔
نیب لاہور کی ٹیم نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور اسحاق ڈار کے اثاثوں کی تحقیقات آغاز کر دیا، نیب راولپنڈی کی ٹیم العزیزیہ اسٹیل کمپنی سمیت شریف فیملی کی 11 کے قریب کمپنیوں کی تحقیقات کرے گی۔
نیب لاہور نے ایس ای سی پی سے اسحاق ڈار اور اہل خانہ کی کمپنیوں کا ریکارڈ بھی طلب کرنے کے لیے بھی خط لکھ دیا۔
نیب لاہور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس تیار کرے گی۔ نیب کوشریف فیملی،اسحاق ڈاراور کیپٹن صفدر کے خلاف 8 ستمبر تک ریفرنسز دائر کرنے ہیں۔
نیب آرڈیننس کے تحت چند دیگر ملکوں سے بھی کیسز سے متعلق مدد طلب کر لی گئی ہے۔