21 اگست ، 2017
حیدرآباد دکن: پولیس نے بھارتی قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہونے پر 3 کشمیری طلبا کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد دکن میں 3 کشمیری طلبا مقامی سینما میں فلم دیکھنے کے لیے موجود تھے جہاں فلم کی ابتدا سے پہلے قومی ترانا بجایا گیا جس کے احترام میں کھڑے نہ ہونے پر سینما انتظامیہ نے پولیس کو آگاہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے تینوں طلبا کو گرفتار کرلیا جب کہ واقعے کے وقت حیدرآباد دکن کے سینئر پولیس افسر بھی سینما میں موجود تھے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار طلبا میں جمیل گل، عمر فیض اور مدبر شبیر شامل ہیں جو انجینئرنگ کے طالب علم ہیں۔
پولیس کا کہنا ہےکہ تینوں طلبا کے خلاف ریاستی ہتک ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جب کہ طلبا کو فی الحال ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں سپریم کورٹ نے سینما گھروں میں فلم کے شروع ہونے سے قبل قومی ترانہ چلانے کا حکم دے رکھا ہے۔