Time 29 اگست ، 2017
پاکستان

عمران خان نے عائشہ گلالئی کو پارٹی کی منحرف رکن قرار دے دیا

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے یکم اگست کو پارٹی کو خیرباد کہنے والی رکن عائشہ گلالئی کے نام خط لکھا ہے جس میں انہیں پارٹی کی منحرف رکن قرار دیا گیا ہے۔

عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق پارٹی سے انحراف کے بعد عائشہ گلالئی پارٹی کی ذمہ داری نہیں رہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عائشہ گلالئی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جارہا ہے جب کہ عمران خان نے فیصلے میں بطور پارٹی چیرمین اختیارات کا استعمال کیا۔

خط کے متن کے مطابق عائشہ گلالئی آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت پارٹی کی منحرف رکن قرار دی گئیں اور وہ معطلی کے بعد شو کاز نوٹس کا جواب دینے میں بھی ناکام رہیں۔

خط میں عائشہ گلالئی کی جانب سے یکم اگست کو کی گئی پریس کانفرنس کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں انہوں نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ یکم اگست کو عائشہ گلالئی نے اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی وجہ سے پارٹی میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت محفوظ نہیں۔

مزید خبریں :