Time 25 ستمبر ، 2017
پاکستان

نواز شریف وطن واپس پہنچ گئے، کل احتساب عدالت میں پیش ہونگے

سابق وزیراعظم نواز شریف پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔

نوازشریف کے استقبال کے لیے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر ریلوے سعد رفیق، طارق فضل چوہدری ،مشاہد اللہ، انوشہ رحمان، خرم دستگیر، پرویز رشید، میئر اسلام آباد انصر عزیز اور طلال چوہدری ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

سابق وزیراعظم کے استقبال کے لیے ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ایئرپورٹ کے باہر موجود تھی۔

سابق وزیراعظم اپنے پروٹوکول میں ایئرپورٹ سے پنجاب ہاؤس کے لئے روانہ ہوئے جہاں انہوں نے اجلاس کے دوران پارٹی رہنماؤں سے مختلف امور پر مشاورت بھی کی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم تفریحی کے لئے نہیں بلکہ اپنی اہلیہ کی عیادت کے لئے لندن گئے تھے تاہم کل وہ احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ 

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے تین نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو کل طلب کر رکھا ہے۔

 لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر روانگی سےقبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ بات پاناما کی تھی تو سزا اقامہ پر کیوں ہوئی، فیصلہ بھی انہوں نےدیا، اپیل بھی انہوں نےسنی، نگران جج بھی وہی بن گئے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے کوئی کرپشن نہیں کی، سرکاری پیسا نہیں کھایا، بار بار کہا کرپشن، کک بیک یا کمیشن کا کیس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنس پیسے کھانے پر ہوتا یا ٹھیکے میں پیسا کمانے پر ہوتا لیکن یہ کس قسم کا احتساب ہے کہ بات پاناما کی تھی تو سزا اقامہ پر ہوگئی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اہلیہ کی تیمارداری کے لیے لندن آیا تھا، ایسا ارادہ نہیں تھا کہ لندن بیٹھا رہوں گا اور واپس نہیں جاؤں گا۔


مزید خبریں :