Time 06 اکتوبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

ہریتھک کی کنگنا کے الزامات پر پہلی بار لب کشائی

بالی وڈ ایکشن اسٹار ہریتھک روشن نے اداکارہ کنگنا رناوت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر پہلی بار لب کشائی کی ہے۔

کنگنا رناوت نے ہریتھک روشن کو اپنا سابقہ عاشق قرار دیتےہوئے ان پر فحش تصاویریں اور ای میلز کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد سے ہی دونوں میں لفظوں کی جنگ چھڑگئی تھی۔

اداکارہ کنگنا کی جانب سے عدالت سے رجوع بھی کیا گیا تھا اور انہوں نے کئی بار ہریتھک کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا لیکن اب اس سب کے جواب میں پہلی بار ہریتھک نے لب کشائی کی ہے۔

ہریتھک روشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کھلا خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اداکارہ کنگنا رناوت کا نام لیے بغیر پورے معاملے پر بات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا میرا ماننا ہے کہ نظر انداز کرنا اور ہمیشہ وقار کے ساتھ چلنا غیر ضروری دخل اندازی کو نظر انداز کرنے کا بہترین طریقہ ہے لیکن بعض اوقات کسی چیز کو زیادہ نظر انداز کرتے رہنا بھی خطرناک ہوجاتا ہے، ٹھیک ویسے ہی جیسے ہم اپنی صحت کو نظر انداز کرتے ہیں اور بیمار پڑجاتے ہیں، ویسے ہی میرے ساری صورتحال بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا ایسا لگتا ہے کہ میڈیا بھی اس معاملے کو مزید طول نہیں دینا چاہتا ہے اور میں خود بھی اپنا بچاؤ کرکے اور اپنے کردار کے حوالے سے صفائی دے کر معاملے کو اور طول نہیں دینا چاہتا کیوں کہ مجھے ایک بہت ہی گندے کھیل میں گھسیٹ لیا گیا ہے جب کہ میں کبھی اس خاتون سے ذاتی طور پر ملا ہی نہیں ہوں۔

ہریتھک نے کہا کہ میں نے اس خاتون(کنگنا) کے ساتھ فلم میں کام کیا ہے لیکن میں اکیلا کبھی بھی اس سے نہیں ملا ہوں جو کہ ایک سچ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے ’گڈ بوائے‘ امیج کے ذریعے خود کو بچانا نہیں چاہتا لیکن میں خود کو آنے والے خطرے سے بچنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں خود کو غلط انسان قرار دینے سے بچانا چاہتا ہوں اور کئی سالوں سے مردوں کے ہاتھوں خواتین کا استحصال کیا گیا ہے لہٰذا اب بھی کئی لوگ ایسا کرتے ہیں جو کہ شرمناک ہے اور میں اس کا شدید مخالف ہوں لیکن اس سب کے باوجود یہ فیصلہ دیا جائے کہ ایک آدمی کمزور نہیں ہوسکتا اور عورت جھوٹ نہیں بول سکتی تو بے شک آپ سب یقین مانتے رہیں، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ جس منگنی کی بات کی جارہی ہے کہ میں نے اور اس خاتون نے 2014 میں پیرس میں منگنی کی ہے، اس کی نہ تو کوئی تصویر ہے ، نہ ہی کوئی گواہ ہے اور نہ ہی کسی نے تصاویر بنائی ہیں اور یہاں تک کہ اس سگائی کی کوئی ایک سیلفی بھی نہیں ہوگی۔

ہریتھک نے کہا کہ ایسا کوئی ثبوت نہیں جس سے ثابت ہو کہ منگنی ہوئی لیکن ایک تصویر کو جواز بنایا گیا تھا اور اب اس کا بھی یہی راز کھلا کہ وہ فوٹو شاپ سے بنائی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے خط میں کسی پر الزام نہیں لگا رہا ہوں بلکہ میں جو سچ ہے اس کا ساتھ دے رہا ہوں اور اسے بچا رہا ہوں کیوں کہ جب سچ کمزور ہوجاتا ہے یا اس کے ساتھ کچھ غلط ہوتا ہے تو اس سے سب متاثر ہوتے ہیں حتیٰ کہ خاندان اور بچے بھی۔

ہریتھک روشن نے 2 روز قبل ہی اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے جس میں اداکارہ پر بلیک میلنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :