Time 09 اکتوبر ، 2017
پاکستان

عوامی نمائندوں کو چلتا کرنے والوں کا احتساب کیا جائے، مریم نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ احتساب نما انتقام میں تحفظات کے باوجود پیش ہو رہے ہیں اور جو سلسلہ چلا ہے اس کا انجام جلد ہوگا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو احتساب سے بھاگ رہے ہیں انہیں کوئی گرفتار نہیں کررہا اور جو خود کو احتساب کے لئے پیش کررہے ہیں انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں کو چلتا کرنے والوں کا احتساب کیا جائے ،سیاست دان عوام کو جواب دہ ہوتے ہیں لیکن عوام کو جوابدہ ان لوگوں کو بھی ہونا چاہیے جنہوں نے اس ملک میں آئین، قانون اور انصاف کو تماشا بناکر رکھ دیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عدالتوں میں ہر بار پیش ہو کر انصاف اور عدل کی زنجیر ہلا رہے ہیں،  مجھ پر مقدمات نواز شریف کی بیٹی ہونے کی وجہ سے بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ شدید ترین تحفظات کے باوجود عدالت میں پیش ہوئے، پچھلے دنوں میڈیا پر کچھ چیزیں آئیں اور اس حوالے سے مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔


بعد ازاں مریم نواز نے سمدھی چوہدری منیر کی رہائشگاہ پہنچ کر وہاں موجود کارکنان سے خطاب کیا اور سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ بھی کی۔ 

مریم نواز نے احتساب عدالت میں پیشی سے متعلق لکھا کہ ایک آتا ہے اور دوسرا جاتا ہے، کم از کم آتے تو ہیں، باقیوں کی طرح بھاگ تو نہیں جاتے۔ 

مزید خبریں :