پاکستان
Time 10 اکتوبر ، 2017

'امریکا حقانی نیٹ ورک کا بہانہ بنا کر پاکستان کو ٹارگٹ کر رہا ہے'

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکا حقانی نیٹ ورک کا بہانہ بنا کر پاکستان کو ٹارگٹ کر رہا ہے تاہم ایسی کوئی امریکی ڈکٹیشن نہیں لیں گے جو ملکی مفاد میں نہ ہو ۔

ایک انٹرویو کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہماری فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت بڑی فتح حاصل کی ہے جبکہ امریکا کو افغانستان میں ناکامیاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو کئی بار پیشکش کر چکے ہیں کہ اگر اس کے پاس حقانی نیٹ ورک کا پتہ ہے تو ہمارے ساتھ مل کر ان کو ختم کرے جب کہ حالیہ دورہ افغانستان میں افغان صدر اشرف غنی کو بھی یہ پیشکش کی جا چکی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکا بتائے کہ جدید فوجی ساز و سامان کے باوجود داعش کیسے افغانستان میں قدم جمانے میں کامیاب ہوئی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات جاری رکھنا چاہتے ہیں تاہم ملکی مفاد کے خلاف کوئی امریکی ڈکٹیشن قبول نہیں کرینگے۔

نیشنل ایکشن پلان سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ گھر کو صاف کرنے کا ہی پلان ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر پوری دیانتداری سے عمل ہونا چاہیے۔ 

مزید خبریں :