11 اکتوبر ، 2017
عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے پاکستانی معیشت پر نئے اندازے سامنے آگئے جس کے مطابق معاشی نمو بہتر اور مہنگائی میں اضافہ کم رہے گا جب کہ جاری خسارہ 35 فیصد زائد رہےگا۔
آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کے اعشاریوں کا اندازہ 2022 تک پیش کیا ہے اور اس سے پہلے رواں سال اپریل میں یہ اعداد جاری کیے گئے تھے۔
عالمی ادارے کے مطابق 2017 کے اختتام پر ملکی معاشی نمو 5.27 فیصد رہے گی، معاشی نمو بڑھے گی مگر مہنگائی نہیں۔ اپریل میں معاشی نمو 5 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
عالمی ادارے کے مطابق مہنگائی میں اضافے کی شرح 2017 میں 4.15 فیصد رہے گی جو اپریل کے مقابلے میں 0.15 فیصد کم ہے۔
عالمی ادارے نے 2017 میں جاری خسارہ 465 ارب رہنے کے اندازے لگائے ہیں، اپریل میں جاری خسارہ 344 ارب رہنے کے اندازے لگائے گئے تھے۔
یہ تخمینہ اپریل کے مقابلے میں 35 فیصد زائد ہے اور ماہرین کے مطابق یہ تخمینہ اس لیے زیادہ ہے کہ سی پیک منصوبے کی درآمدات بہت زیادہ ہیں۔