پاکستان

خواتین پر حملے: ’میں کبھی کراچی نہیں گیا‘، گجرنوالہ سے گرفتار ملزم کا بیان

لاہور: کراچی میں خواتین پر حملے کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم وسیم نے پولیس کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ زندگی میں کبھی کراچی نہیں گیا۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم وسیم اس سے پہلے آٹھ ماہ کی جیل کاٹ چکا ہے، تقریباً ڈیڑھ ماہ پہلے ملزم کو ضمانت پر رہائی ملی تھی جبکہ اس پر ساہیوال میں خواتین پر حملوں کے 31 الزامات بھی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے تحقیقاتی حکام اس وقت ساہیوال میں موجود ہیں، وسیم نے ابھی تک وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف نہیں کیا۔

پنجاب پولیس کے سی آئی اے ڈیپارٹمنٹ نے دو دن پہلے ملزم وسیم کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا۔

ملزم وسیم کی گرفتاری سندھ پولیس کی جانب سے شبے کے اظہار پر عمل میں آئی تھی۔

لاہور پولیس دو مقدمات پر گرفتار کرنا چاہتی ہے اس لیے کراچی منتقل کرنے میں دشواری ہے۔

خیال رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران تیز دھار آلے سے حملوں کے کم از کم 16 واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

ہیلمٹ پہن کر موٹرسائیکل سوار ملزم خواتین کو عقب سے نشانہ بناتا اور زخمی کرنے کے بعد فرار ہوجاتا تھا۔

اس سے قبل پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ خواتین کو نشانہ بنانے والا ملزم نفسیاتی ہے جب کہ سندھ حکومت نے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے شخص کے لئے 5 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔ 

مزید خبریں :