20 اکتوبر ، 2017
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاست اور پارٹی امور سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاناما کیس کی عدالتی کارروائی اور پارٹی پوزیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف گزشتہ چند روز کے دوران خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، احسن اقبال سے بھی ملاقاتیں کر چکے ہیں جس کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں کا مقصد مسلم لیگ ن کی سیاست کو بچانے کی کوشش کرنا ہے۔ ۔
جنوبی پنجاب کے 37 ممبران قومی اسمبلی سے رابطے
ذرائع کے مطابق کہ شہباز شریف جنوبی پنجاب کے 37 ممبران قومی اسمبلی سے رابطے میں ہیں اور انہیں علیحدہ بلاک بنانے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وزیر برائے بین الصوبائی امور ریاض پیرزادہ نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو بچانے کے لئے شہباز شریف پارٹی قیادت اپنے ہاتھ میں لے لیں۔
تین روز قبل شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایک غیر سیاسی مگر انتہائی اہم شخصیت سے بھی ملاقات کی تھی۔
شہباز شریف نے لندن جانے سے پہلے بھی اسلام آباد میں ایک اور اہم شخصیت سے ملاقات کی تھی۔
اس بات کا بھی امکان ہے کہ شہباز شریف آئندہ چند روز میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کریں جس میں اداروں سے محاذ آرائی کی سیاست نہ کرنے کے حوالے سے قرارداد منظور کی جائے گی۔