30 اکتوبر ، 2017
سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جب وزیراعظم کو پاناما کے بجائے اقامہ پر نکالا جائے تو کہاں کا استحکام، کہاں کی ترقی اور خوشحالی۔
جدہ سے لندن پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب حکومت کمزور ہوتی ہے تو ملک کمزور ہوتا ہے، جب سے مجھے نکالا گیا اسٹاک مارکیٹ 10 سے 12 ہزار نیچے گر گئی۔
اس موقع پر نواز شریف نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا کریڈٹ بھی اپنی حکومت کو دیا اور کہا کہ 4 سال پہلے کوئی ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں تھی۔
انہوں نے صحافی احمد نورانی پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ اس کی تہہ تک پہنچنا چاہیے کہ حملہ آوروں کے کیا عزائم تھے اور یہ اقدام کیوں کیا گیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے خاندان میں اختلافی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں بہت اڑتی ہیں، ہمیں افواہوں سے بچنا چاہیے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب پاکستان میں استحکام آیا تو ہم نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، جبکہ ہماری حکومت سے پہلے 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔
کراچی کے حالات سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں، وہاں کے لوگوں سے پوچھیں 4 سال پہلے حالات کیا تھے۔